پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کیلئے حکومت کا آئی ایم ایف سے بات چیت کا فیصلہ

Published On 29 September,2022 06:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات اور عوام کو ریلیف اقدامات کے لیے حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار عالمی مالیاتی ادارے سے بات چیت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کریں گے، آئی ایم ایف کی رضا مندی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو گی، پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی موجودہ شرح برقرار رکھ کر ریلیف دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وزیر خزانہ کی بات مان لی تو کل پٹرولیم مصنوعات سستی ہوں گی، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی موجودہ شرح کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ حتمی بات کے فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پٹرول پر اس وقت 37.42 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے، جنوری 2023 تک پٹرول پر پٹرولیم لیوی 50روپے فی لیٹر تک بڑھانا ہے۔

یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات 16 روپے تک سستی ہونے کا امکان

یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات 16 روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ورکنگ پیپر تیار کر لیا، دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 16 روپے 61 پیسے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 24 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دوہفتوں میں پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ریفائنری قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے، مٹی کا تیل 14 روپے 20 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 87 پیسے فی لٹر سستا ہوسکتا ہے، قیمتوں کا حتمی اعلان وزارت خزانہ کل شام کو کرے گی۔

 
 
Advertisement