اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے روپے کو کھلا چھوڑنے سے تباہی ہوئی، معیشت کی بہتری اولین ترجیح ہے، ڈالر کی قدر میں کمی سے قرضوں کا بوجھ کم ہوگا، حکومت اب ایکسپورٹرز کو سینٹ کے بجائے 19 روپے 99 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ایکسپورٹ انڈسٹری کو بجلی فراہم کرے گی، بجلی کے اس ریٹ میں تمام ٹیکس شامل ہیں، یہ سہولت پانچوں برآمدی شعبوں کیلئے ہے اور ایک سال میں 90 سے 100 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے ملاقات کے بعد اپٹما رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹرز اس وقت میرے ساتھ موجود ہیں، ان سے چند مہینوں پہلے وعدہ کیا گیا تھا کہ رواں مالی سال 9 سینیٹ پر بجلی دی جائے گی، ان کو 2 ماہ بجلی دی گئی اور بعد میں نرخوں پر نظرثانی کی گئی، 2017 میں 247 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا تھا کہ ایکسپورٹ بڑھائیں جس کی وجہ سے ایکسپورٹ میں 12 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی، کرنسی کو اس طرح کھلا چھوڑا گیا، بھارت نے ایکسچینج ریٹ پر 100 ارب ڈالر لگا دیئے، میں جہاز میں بیٹھا تو روپے کی قدر میں بہتری ہونے لگی جس پر مارکیٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اب مارکیٹ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، ڈالر کا اصل ریٹ 200 روپے سے نیچے ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز دس دن کے اندر نہیں ہوسکتی، یہ کام کرنے کا وقت ہے، معاشی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، شوکت ترین بارے کچھ نہیں کہوں گا انہوں نے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے، ایکسپورٹرز کے ساتھ جو کمٹمنٹ تھی پوری نہیں کی گئی تھی، حکومت اب ایکسپورٹرز کو سینٹ کے بجائے 19 روپے 99 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ایکسپورٹرز کو بجلی فراہم کرے گی، عمران ڈوز آرمی میرے بارے منفی پروپیگنڈا کررہی ہے۔
اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو کل پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا، یار خدا کا خوف کرو، 72 کروڑ تنخواہ لینے کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی گئیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے پہلے بھی 126 دن کا دھرنا دے چکے ہیں، اگردھرنا دیں گے تو آئین و قانون کے مطابق ہی سلوک ہوگا، دعا کریں پاکستان نے چار سال کا برا پریڈ دیکھنا تھا دیکھ لیا اب جلدی درست سمت میں جا رہے ہیں، آج ایکسپورٹرز سے کہا ہے ڈالرز کے بجائے اب روپے میں سوچیں، ایکسپورٹرز کے ساتھ اب روپے میں ریٹ طے ہوا ہے، بجلی کی منسٹری ایکسپورٹرز کو 19 روپے 99 پیسے چارج کرے گی، اب انڈسٹری سے توقع کرتا ہوں کہ یہ ایکسپورٹس کو بڑھائیں گے، عمران خان پہلے بھی شوق پورا کرچکے ہیں 126 دن دھرنا دیا، پہلے بھی غیر مشروط طور پر ان کو دھرنے سے اٹھایا گیا تھا، دھرنا دیا گیا تو قانون کے مطابق اس سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں فیکڑیاں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔