لاہور: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور اگلے دو سے تین سال کے دوران دو طرفہ تجارت کو 5 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ترک سفیر نے نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترک کمرشل قونصلر نورتین دیمیر بھی موجود تھے۔
ترک سفیر نے کہا کہ میری حکومت نے 3 سالوں کے دوران دونوں ممالک کی تجارت کو 5 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کی ذمہ داری سونپی ہے، دونوں ممالک ہدف سے آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تاجر ایک دوسرے کو زیادہ سے زیادہ جانیں اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے سخت محنت کریں جبکہ ایسی کوششوں میں مکمل تعاون کرینگے۔
ترک کمرشل کونسلر نورتین دیمیر نے ترکی میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مثالی دوستانہ تعلقات کے باوجود۔ پاک ترک دوطرفہ تجارت صرف 1.2 بلین امریکی ڈالر ہے، دونوں ممالک تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دیں۔ ترکی پاکستان میں انجینئرنگ، کیمیکل، ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن، برقی آلات، مشینری، دفاع، آبپاشی، فوڈ پروسیسنگ، حلال گوشت، زرعی پیداوار اور شمسی توانائی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ آئی سی سی آئی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اشتراک سے 8 سے 11 دسمبر 2022 کو پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کا انعقاد کر رہا ہے اور اس نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو اس میگا ایونٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور پاکستان میں اپنے پروجیکٹ متعارف کرانے کی دعوت دی۔