پاکستان اور ترکیہ میں کرنسی بحران کا خدشہ بڑھ گیا

Published On 24 November,2022 07:01 pm

ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپانی مالیاتی کمپنی نومورا نے پاکستان، ترکیہ اور دیگر ممالک میں کرنسی بحران درپیش آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

نومورا کی طرف سے متنبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ، مصر، رومانیہ، سری لنکا، جمہوریہ چیک، ہنگری اور دیگر ممالک میں کرنسی بحران آنے کا خطرہ سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔

جاپانی بینک کا کہنا تھا کہ اس کے اِن ہائوس وارننگ سسٹم نے 32 ممالک کا جائزہ لیا، جن میں سے 22 کو کرنسی بحران درپیش آنے کے خطرے میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رواں سال مئی میں جاری کی گئی جائزہ رپورٹ میں خطرے کے انڈیکس پر تمام ممالک کے مجموعی پوائنٹس 1 ہزار 744 تھے، جو اب تیزی سے بڑھتے ہوئے 2 ہزار234 ہو چکے ہیں۔

پوائنٹس میں جولائی 1999 کے بعد یہ ریکارڈ اضافہ ہے۔ سب سے زیادہ برازیل اور جمہوریہ چیک کے پوائنٹس میں اضافہ ہوا۔ نومورا کے ماہرین معیشت کے مطابق صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1997-98 میں آنے والی ایشیائی مالیاتی بحران میں ممالک کے مجموعی پوائنٹس 2 ہزار 692 تک پہنچے تھے۔
 

Advertisement