سال 2022 میں مہنگائی کا راج رہا، عوام کی کچن بجٹ کو پورا کرنے میں کمر ٹوٹ گئی

Published On 21 December,2022 11:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) سال 2022 میں مہنگائی کا راج رہا، عوام کی کچن بجٹ کو پورا کرنے میں کمر ٹوٹ گئی، چکی کا آٹا جو سال کے آغاز پر 85 روپے کلو ملتا تھا اب 140 روپے کلو ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہنگائی کو مٹانے کے عزم لے کر آنے والی موجودہ حکومت کے دور میں کھانے پینے کی مختلف اشیا کی قیمتوں نے بلندی کے ایسے رکارڈ بنائے کہ عوام کو دن میں تارے نظر آ گئے۔

دال ماش اس عرصے میں 300 سے بڑھ کر 390 روپے جبکہ چنے کی دال 180 کے بجائے اب 220 روپے کلو بک رہی ہے، اس کے علاوہ پیاز ایک سال کے دوران 40 سے بڑھ کر 180 روپے کلو جبکہ آلو 35 کے بجائے اب 70 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، مہنگائی کا زور ٹوٹنے کا فلحال امکان نظر نہیں آتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی بلندی اور سیلاب کی تباہ کاریاں اپنی جگہ لیکن مہنگائی کو بڑھاوا دینے میں منافع خوری اور مختلف اداروں کی رشوت ستانی کا بھی اہم کردار ہے۔