نیپرا نے کراچی والوں کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

Published On 13 January,2023 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4.49 روپے تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

حکومت کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو کے الیکٹرک“ صارفین کے لئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی تھی، نیپرا کی جانب سے آج یکساں ٹیرف کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ جاری کیا گیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق مختلف کیٹیگریز کیلئے قیمتوں میں اضافہ 1.49 سے 4.49 روپے تک ہوگا، فيصلے سے صارفین پر 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، قیمتوں کی ایڈ جسٹمنٹ اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں استعمال ہوئیں، اضافی ایڈ جسٹمنٹ جنوری سے اپریل 2023 تک 4 ماہ میں وصول کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے یکساں ٹیرف کیلئے درخواست دی تھی، نیپرا اتھارٹی نے 27 دسمبر کو وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

قبل ازیں نیپرا کے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کا ٹیرف ڈسکوز کے ساتھ یکساں کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جبکہ ڈسکوز کے لیے مالی سال 22-2021 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اوسط 3 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

نیپرا نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت یکساں ٹیرف کے حوالے سے کے-الیکٹرک کے لیے بھی یکساں اضافے کی منظوری چاہتی ہے۔
 

Advertisement