کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فیصد کمی واقع ہوئی۔
مرکزی بینک کے مطابق ملک بھر میں رواں مالی سال جولائی تا دسمبر کے دوران 461 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کے دوران اسی مدت میں 1.115 بلین ڈالر تھی، اس مدت کے دوران ایف ڈی آئی کی آمد 932.5 ملین ڈالر تھی جبکہ 472 ملین ڈالر کا اخراج ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 13 ملین ڈالر کے اخراج کے ساتھ منفی نمو بھی رہی ہے
پاکستان نے دسمبر 2022 میں1 بلین ڈالر مالیت کے سکوک بانڈز کی ادائیگی کی ہے اس لیے غیر ملکی عوامی سرمایہ کاری میں بھی زیر جائزہ مدت کے دوران 938 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری سمیت کل غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں تقریباً 181 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں کل غیر ملکی سرمایہ کاری مالی سال 23 جولائی تا دسمبر منفی 572 ملین ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال 709 ملین ڈالر تھی۔