متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کر دیئے

Published On 18 January,2023 11:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کر دیئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ یو اے ای کے دوران 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا کہا تھا، اسحاق ڈار نے پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

دوسری جانب گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے بھی متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جو برآمدکنندگان اپنے بیرونی خریداروں سے سپلائر کریڈٹ یا پراجیکٹ فنانس حاصل کرسکتے ہیں انہیں اسٹیٹ بینک سہولت دے گا، بندرگاہ پر رکے ہوئے کنٹینرز کی مالیت کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ رکے ہوئے کنٹینرز کے ڈیمریج و ڈیٹینشن کا حل نکالیں گے، تجارتی ایوانوں کی مشاورت سے درآمدات کی ترجیحی فہرست کا ریویو کر کے نئی فہرست جلد مرتب کی جائے گی۔ سٹیٹ بینک میں 2 جنوری سے مشینری امپورٹ کلئیرنس کا کوئی کیس نہیں آیا ہے۔
 

 

Advertisement