دو سو ارب روپے کا منی بجٹ لانے کیلئے آرڈیننس تیار

Published On 26 January,2023 04:34 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز ) حکومت کی جانب سے دو سو ارب روپے کا منی بجٹ لانے کیلئے آرڈیننس تیار کر لیا گیا جس میں سو ارب روپے کا فلڈ لیوی ٹیکس عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آرڈیننس کے ذریعے سو ارب روپے کا ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے  سمیت نان فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس ریٹیل پرائس پر عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ پٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آرڈیننس کے اجراء کے بعد انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، آئی ایم ایف چاہتا ہے مشن کی آمد سے قبل آرڈیننس نافذ کر دیا جائے۔