پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات شروع

Published On 31 January,2023 02:59 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا وفد نویں جائزہ اجلاس کیلئے پاکستان پہنچ گیا ہے ، اقتصادی جائزہ کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔

آئی ایم ایف وفد کی معاشی ٹیم کے ساتھ وزیر خزانہ اسحاق ڈار مذاکرات کر رہے ہیں، ملاقات میں طارق باجوہ، طارق پاشا، اور سیکرٹری فنانس شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نویں اقتصادی جائزے پر مذاکرات کرے گا جو کہ دس دن تک جاری رہیں گے، پہلے مرحلے میں چار دن تک تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی قسط ملے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر )، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) ، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا ) اور وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

وفد توانائی شعبے میں گردشی قرضے کی صورتحال، معاشی پالیسیوں میں استحکام کیلئے روڈ میپ اور مالی پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گا۔ 

Advertisement