ڈالر بحران قابو کرنے کیلئے اہم اقدام، کابینہ نے بارٹر تجارت کی منظوری دیدی

Published On 17 March,2023 09:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈالر بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا، وفاقی کابینہ نے علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے بارٹر تجارت کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ سے ملک کی مجموعی ایکسپورٹ کو بوسٹ ملے گا، ایران، افغانستان کے ساتھ وسطی ایشیائی ممالک اور افریقاء کے ساتھ بھی بارٹر ٹریڈ بڑھائی جائے گی جبکہ چین کے ساتھ تجارت کے توازن کو بہتر کرنے کیلئے بارٹر ٹریڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر نہ ہونے کے سبب امپورٹ میں ہونے والی رکاوٹ کو بارٹر ٹریڈ سے پورا کیا جاسکتا ہے، بارٹر ٹریڈ کے ذریعے اربوں ڈالر کی تجارت ممکن ہوسکتی ہے، یورپی یونین، امریکا، برطانیہ اور مڈل ایسٹ بارٹر ٹریڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔

نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان جگہوں کیلئے رکھا ہے جہاں پر بینکنگ سسٹم میں مشکلات ہیں، جہاں نارمل ٹرید سرپلس میں ہے وہاں پر یہ بارٹر ٹریڈ نہیں کریں گے۔

Advertisement