اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنا ہماری ترجیح نہیں کیونکہ یہ چاہتے ہیں خود مظلوم بن جائیں اور پولیس کو ظالم بنا دیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی ایسا قدم اٹھاتے اور ماڈل ٹاؤن جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی تو پھر واقعی ہم استعمال ہو جاتے، ان کو ایسا کوئی جواز نہیں ملا بلکہ الٹا پولیس کے لوگ زخمی ہوئے ہیں، پولیس کے لوگ زیادہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے لوگ بہت کم زخمی ہوئے ہیں، یہ سب نگراں حکومت، لاہور پولیس اور اسلام آباد پولیس نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان لکھ کر بھی دے رہا ہے اور پکار رہا ہے کہ پیش ہو جاؤں گا لیکن عمران خان کا کوئی بھروسہ نہیں کل وہ کہہ دے زمان پارک میں سب کچھ امریکا نے کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب اگر 18 مارچ کو عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوں گے تو ہم حکمت عملی تبدیل کریں گے اس لیے پیش ہو جائیں تو اچھا ہے ورنہ سختی اپنانا پڑے گی۔