کراچی: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جس ریٹ سے ہم گیس باہر سے لاتے ہیں اس پر کوئی خریدنے کیلئے تیار نہیں۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے معاملے پر کچھ مسائل ہیں، ہمارے پاس جتنی گیس ہوتی ہے وہ فراہم کر دی جاتی ہے، سب سے پہلے عام عوام کی ضرورت کو دیکھا جاتا ہے۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ سب سے پہلا حق غریبوں کا ہے، پہلے ان کو فراہم ہو، سب سے زیادہ گیس ڈومیسٹک کیلئے استعمال ہوتی ہے اس کے بعد انڈسٹری کیلئے، تاجروں کا زیادہ مسئلہ بھی انڈسٹری کو گیس فراہمی کے حوالے سے ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ میری اہم میٹنگ ایس ایس جی سی کے نمائندوں سے ہونی ہے، ہماری جتنی گیس کی ضرورت ہے اتنی پیداوار نہیں ہے، اسی وجہ سے کہیں کہیں گیس کی شورٹیج ہوتی ہے، یہی طریقہ رہتا ہے کہ کوئی پالیسی بنائی جائے، روس سے اس مہینے کروڈ آئل فراہم ہوگا۔