اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کی تحقیقات کے حوالے ریفرنس کی فوری سماعت ہونی چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس 12 سال سے عدالت میں زیر التوا ہے، اس پر عمل ہونا چاہیے، فیصلہ دینے والے ججز میں سے ایک جج نے بعد میں تسلیم بھی کیا، ذوالفقار علی بھٹو 1973 کے آئین کے بانیوں میں سے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخی خدمت تھی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا اور آج ہی کے دن الیکشن پر متنازعہ فیصلہ آگیا، 4 اپریل کو ایک وزیر اعظم کا عدالتی قتل ہوا اور آج 4 اپریل کو پھر آئین کا قتل ہوا، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھٹو شہید کا عدالتی قتل ہوا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو پوری دنیا نے "عدالتی قتل" قرار دیا۔