بجلی کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 50 فیصد سے زائد اضافہ

Published On 06 April,2023 10:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایک سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا، بجلی نرخوں میں اضافے کی ایک سال کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

نیپرا دستاویز کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز کی مد میں بجلی مہنگی کی گئی، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 10 روپے اضافہ ہوا، گھریلو صارفین کی بجلی 50 فیصد مہنگی کی گئی۔

دستاویز کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 8 روپے 50 پیسے بڑھے، جس سے صارفین کا ٹیرف 18.04 روپے سے 26.54 روپے ہوگیا۔

دوسری جانب کمرشل صارفین کی بجلی 11 روپے فی یونٹ مہنگی ہوئی، صنعتی صارفین کی بجلی 9 روپے 55 پیسے مہنگی کی گئی، زرعی صارفین کے ٹیرف میں 9 روپے 14 پیسے کا اضافہ ہوا۔

نیپرا دستاویز کے مطابق توانائی کی قیمت 655 ارب سے بڑھ کر 1152 ارب ہوگئی، کیپسٹی چارجز 794 ارب سے بڑھ کر 1251 ارب ہوگئے، بجلی کی پیداواری لاگت میں 22 فیصد اضافہ ہوگیا، جبکہ مجموعی پیداواری لاگت 1515 ارب سے بڑھ کر 2518 ارب ہوگئی۔

 

Advertisement