اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف منصوبوں کی منظوری

Published On 27 April,2023 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں و منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی نے وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن کی 4 سمریوں کی منظوری دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پشاورخود کش دھماکہ کے شہدا اور زخمیوں کیلئے 28 کروڑ کی گرانٹ منظور کی گئی، متاثرین میں مالی امداد وزارت داخلہ کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی

اجلاس میں قومی صحت کیلئے 6 کروڑ 10 لاکھ، وفاقی شرعی عدالت کا مالی شارٹ فال پورا کرنے کیلئے 6 کروڑ 70 لاکھ، بی آئی ایس پی نشوونما منصوبے کیلئے 50 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں تیل و گیس کی تلاش کے مبارک بلاک کے کمرشل استعمال، تیل و گیس کی تلاش کی بھل سیداں لیز کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع چکوال میں کان کنی کی لیز کی مدت میں 5 سال اور پری والی تیل و گیس بلاک میں بھی 5 سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔