اسحاق ڈارکی ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے ورچوئل میٹنگ

Published On 15 April,2023 09:10 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لی کون سے ورچوئل میٹنگ کی۔

میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال آنیوالے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، حکومت معیشت کے استحکام کیلئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا اور سپیشل سیکرٹری خزانہ نے اسلام آباد سے میٹنگ میں ورچوئل شرکت کی۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن واشنگٹن میں ذاتی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر کو ملک کے موجودہ معاشی منظرنامے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا، وزیر خزانہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں فراخدلانہ تعاون پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر نے پاکستان اور ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے سماجی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تجاویز حکومت کو بھجوا دیں

بینک کے صدر نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں بینک کے کردار پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔

وزیر خزانہ نے ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔