عالمی بینک آئی ایم ایف سے پاکستان کو رعایت دینے کی درخواست کرے: احسن اقبال

Published On 04 May,2023 01:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کی نائب صدر آئی ایم ایف سے پاکستان کو رعایت دینے کی درخواست کریں۔

عالمی بینک کی ہیومن کیپٹل ریویو ریسرچ رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ایک بڑے معاشی چیلنج کا سامنا ہے، سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، پاکستان کے دورے پر موجود عالمی بینک کی نائب صدر واپسی پر آئی ایم ایف سے پاکستان کو رعایت دینے کی درخواست کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط سیلاب سے قبل طے ہوئی تھیں، سیلاب کے بعد پاکستان ان میں سے کچھ شرائط پر عملدرآمد نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف پروگرام کی عدم موجودگی سے غیر یقینی صورتحال بڑھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹرکچرل عدم توازن کا شکار ہے، پاکستان کو درمیانی آمدن والے ممالک میں شامل ہونا چاہیے تھا مگر ہمارا انفراسٹرکچر غریب ترین ممالک کی طرح ہے۔

عالمی بینک کی نائب صدر ممتا مورتھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے پاکستان سے پیار ہے، میری والدہ کراچی میں رہیں انہوں نے مجھے پاکستان کے بارے میں بتایا، پاکستان کو انسانی وسائل کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کو مالی مشکلات درپیش ہیں، پاکستان مشکلات سے نکل سکتا ہے۔

عالمی بینک کے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر گیلیس ڈریگولس نے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ خواتین کی بڑی تعداد کو بھی ملازمت کے مواقع حاصل نہیں، پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ ہے۔

 

Advertisement