کراچی: (ویب ڈیسک) خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں بحرین، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.666 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.029 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
اپریل میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 358.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 298 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 294.4 ملین ڈالر تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 22.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.14 ارب ڈالر تھا۔