اسلام آباد: (دنیا نیوز) 11 نکاتی ایجنڈے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کا اجلاس آج ہوگا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں حکومتی ایجنسیز کو فارماسیوٹیکل خام مال امپورٹ کرنے کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی منظوری دی جائے گی، کے الیکٹرک کیلئے سہہ ماہی بنیادوں پر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کیلئے 56 کروڑ 71 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ ملازمین کے اخراجات کیلئے 1 کروڑ 40 لاکھ روپے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق وزارت داخلہ کی سمری پر رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے مرمتی کاموں کیلئے 1 کروڑ 92 لاکھ، آئی بی کیلئے 15 کروڑ، وزارت ہاؤسنگ کی سمری پر 50 کروڑ روپے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔