لائن لاسز، بلوں کو کم کرنے کی ضرورت، جلد سولر سسٹم سستا ہو جائے گا: خرم دستگیر

Published On 22 June,2023 12:13 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں سولر انڈسٹری لگنے سے سولر سسٹم بہت سستا ہو جائے گا۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، پاکستان میں بہت سے صنعت کا ر سولر اور بیٹریوں کی انڈسٹری لگانا چاہتے ہیں۔

خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ بجلی کی مزید پیداوار کے لئے کام کر رہے ہیں، نیوکلیئر پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بجلی پیداوار میں 5 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سیلاب میں بھرپور کردار ادا کیا تھا

ان کا کہنا ہے کہ لائن لاسز اور بلوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے، چینی کمپنی ساڑھے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، سمندری طوفان کے باعث کچھ مشکلات آئی تھیں، 4 سال سے سی پیک پر کام نہیں ہوا۔