اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی مدد کیلئے بروئے کار لایا جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات ہوئی، دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیر مقدم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں، وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پذیر ممالک پر معاشی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، وزیراعظم ترقی پذیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات
شہباز شریف نے کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی مدد کیلئے بروئے کار لایا جائے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کیلئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں، ترقی پذیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کاوشوں اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔