پیرس: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر پیرس پہنچ گئے، وزیر اعظم فرانسیسی صدر کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا فرانس پہنچنے پر پاکستانی سفیر، اعلیٰ فرانسیسی حکام اور پاکستانی سفارتی حکام نے استقبال کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء شیری رحمان، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر سرکاری دورہ پر فرانس پہنچے ہیں، وزیر اعظم فرانسیسی صدر کی جانب سے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم اپنے دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی بحالی پلان:وزیر اعظم نے ایپکس، ایگزیکٹو اور عملدرآمد کمیٹیاں تشکیل دیدیں
دورہ فرانس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالیاتی نظام میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف سربراہی اجلاس میں پاکستان کے جی 77 میں اہم رکن اور ملک کے سربراہ کے طور پر خطاب کریں گے، گلوبل فنانسنگ پیکٹ سربراہی اجلاس پائیدار ترقی، توانائی کے متبادل و قابل تجدید ذرائع، ماحولیات کا فورم ثابت ہوگا۔