اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے بجٹ میں 25 ارب روپے مختص کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی بجٹ میں الگ بجٹ مختص کرنے کا معاملہ اٹھایا، متاثرین کیلئے ملنے والی عالمی امداد سے بھی سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گزشتہ ایک سال پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی: وزیراعظم
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب روپے رکھے ہیں، وفاق بھی 25 ارب روپے مختص کرے، وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ کو وفاقی حکومت کی جانب سے 25 ارب روپے بجٹ میں مختص کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔