بلاول کی دھمکی کام کر گئی، سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب کی منظوری

Published On 19 June,2023 01:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کی دھکمی کام کر گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپےکی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق یہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہو گی، وزیراعظم نے جمعے کو پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات میں فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسا نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی۔

بجٹ پر اختلافات، وزیراعظم نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا

دوسری جانب بجٹ پر اختلافات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزراء اور ماہرین اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں بجٹ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔