اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز 2023 میں حصہ لینے والے پاکستان کےخصوصی کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کےخصوصی کھلاڑیوں کے لیے میری نیک خواہشات ہیں جو سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز 2023 میں حصہ لینے کے لیے جرمنی میں ہیں ۔
ان کاکہنا تھا کہ مرد اور خواتین کھلاڑی پر مشتمل 87 رکنی دستہ پاکستان کی عالمی ایونٹ میں بھرپور نمائندگی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ 11 گیمز کی تیاری کے دوران ان کی محنت کا پھل حاصل کیا جائے۔
My best wishes to our differently-abled athletes who are in Germany to take part in Special Olympics World Games 2023. In 87-member delegation consisting of both male & female sportspeople, Pakistan has a strong representation in the global event. Now is the time to reap the…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 18, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے خصوصی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور عزم کے ذریعے مادر وطن کا نام روشن کرنے کے لیے اس بڑے موقع کو استعمال کریں گے ، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے قومی ایتھلیٹس کا دستہ جرمنی کے شہر برلن میں موجود ہے ، سپیشل اولمپک پاکستان کے ایتھلیٹس گیمز کے گیارہ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں ایتھلیٹکس، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، بوچی، سائیکلنگ، فٹسال، ہاکی، پاورلفٹنگ، سوئمنگ، ٹینس اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔
17 تا 25 جون کھیلے جانے والے ان گیمز میں 190 ممالک کے سات ہزار ایتھلیٹس اپنے یونیفائڈ پارٹنرز کے ہمراہ حصہ لیں گے، میگا ایونٹ میں 36 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔