وزیراعظم نے پی سی بی گورننگ باڈی کیلئے 2 نئے ناموں کی منظوری دیدی

Published On 20 June,2023 02:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کیلئے دو نئے ممبران کی منظوری دے دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے ذکاء اشرف اور مصطفیٰ رمدے کے نام بھجوائے گئے ہیں، ذکاء اشرف کا نام وفاقی وزیر احسان مزاری کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے سمری منظوری کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دی، ان دو ناموں کے ساتھ پی سی بی کا 10 رکنی بورڈ مکمل ہو جائے گا۔

پی سی بی قوانین کے تحت اب گورننگ بورڈ کا ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے گا جس میں نئے کرکٹ بورڈ سربراہ کا انتخاب ہوگا، روایت کے تحت وزیراعظم کی جانب سے نامزد افراد میں سے ہی کسی ایک فرد کا چیئرمین پی سی بی کیلئے انتخاب ہوتا ہے، امکان ہے کہ چیئرمین پی سی بی کا الیکشن رواں ہفتے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی کرنے والے نجم سیٹھی چیئرمین بورڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد ذکاء اشرف چیئرمین کے عہدے کیلئے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔