اسلام آباد: (جاوید حسین) وفاقی حکومت کا معاشی بحالی پلان، عملدرآمد شروع ہو گیا، وزیراعظم نے ایپکس کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی اور امپلی منٹیشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی کریں گے جبکہ امپلی منٹیشن کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی کریں گے، ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوا کرے گا، ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ جب کہ امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی تاریخ میں سب سے بڑا 232 ارب 4 کروڑ 27 لاکھ کا بجٹ پیش
ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کی امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، امپلی منٹیشن کمیٹی بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق روڈ میپ تیار کرے گی، گلف ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے جاری منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔
امپلی منٹیشن کمیٹی آئل ریفائنری پالیسی پر سفارشات مرتب اور ایئرپورٹس میں بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی غور کرے گی، امپلی منٹیشن کمیٹی فوری نوعیت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر روڈ میپ تیار کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایل این جی نہ ملنے کی وجہ ملکی معاشی اور سیاسی عدم استحکام ہے، مصدق ملک
ذرائع کا کہنا ہے کہ امپلی منٹیشن کمیٹی ترجیحی منصوبوں کی شارٹ لسٹ بھی کرے گی، منصوبوں میں گرین فیلڈ آئل ریفائنری لگانے سے متعلق بھی غور ہو گا، وفاقی حکومت کو منصوبے کے تحت 5 سال میں 100 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی امید ہے۔
تمام کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن اور ٹی او آروز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔