ایل این جی نہ ملنے کی وجہ ملکی معاشی اور سیاسی عدم استحکام ہے، مصدق ملک

Published On 21 June,2023 05:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کہا ہے کہ موجودہ ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کے باعث ایل این جی کی بولی نہیں مل سکی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ ذخائر کی بھی کمی ہے، پہلے بھی 2 سے 3 مرتبہ بڈنگ کی لیکن بولی نہیں آئی، شاہد خاقان عباسی سے اختلاف رائے ضرور ہے مگر تلخ کلامی نہیں ہوئی۔

مصدق ملک نے کہا کہ ذاتی رائے میں ایل این جی خریداری کے لیے جی ٹو جی معاہدہ ہونا چاہئے، ہم نے آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سوکار سے ایک سال کا معاہدہ کیا ہے، سوکار ہمارے ساتھ ہماری شرائط پر معاہدہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترکمانستان سے گیس یورپ پہنچانے کے لیے گوادر پر ایل این جی ٹرمینل بنانے کی پیشکش کی ہے، کئی ممالک کے لیے پاکستان سے توانائی مصنوعات یورپ اور دیگر منڈیوں تک رسائی کا واحد آپشن ہے۔