4 سال میں بنائے گئے ذہن طاقت سے ٹھیک نہیں کر سکتے، جاوید لطیف

Published On 21 June,2023 04:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے ان ذہنوں کو ٹھیک نہیں کرسکتے جو پچھلے 4 سال میں بنائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ جیسے حالات ہیں ان میں جیسا بجٹ پیش ہوا وہ درست ہے، دعا کریں آئندہ سال جو ریلیف کا اعلان کیا ہے وہ دے سکیں، کل میثاق معیشت ہوا اس پر قوم خوش ہے، کسی نے میثاق معیشت پر قدم تو اٹھایا، اس وقت کے سہولت کاروں نے بھی آواز نہیں سنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں عدل کا نظام مضبوط ہوتا ہے وہ ریاستیں تباہ نہیں ہوتیں، پچھلے تئیس سال سے وقت کا قاضی فیصلے دے رہا ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا دی جائے، نو مئی کو جو چنگاریاں لگی تھیں ابھی بجھی نہیں ہیں۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مرشد کا شوہر 60 ارب کھا گیا، اس کو ضمانتیں مل رہی ہیں، عدل کا نظام کہاں ہے، پرویز الہٰی اربوں کھا گیا، اس کو ضمانتیں مل رہی ہیں، آصف سعید کھوسہ اور ثاقب نثار کو گرفتار نہیں کریں گے تو انصاف کیسے ملے گا۔