سننے میں آ رہا تھا ملک دیوالیہ ہو جائے گا، مشکل حالات میں اچھا بجٹ پیش ہوا: برجیس طاہر

Published On 20 June,2023 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بجٹ کے اعدادوشمار دیکھیں اور حالات دیکھیں تو یقین نہیں آتا، ایسے حالات میں بجٹ پیش ہوا جن کا ذکر چیئرمین پی ٹی آئی کیا کرتے تھے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سننے میں تو یہی آ رہا تھا کہ یہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا، سری لنکا بن جائے گا، میں سوچتا ہوں کہ شاید اس سے اچھا بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا، ہم یہاں 25 کروڑ عوام کے نمائندے بیٹھے ہیں، پاکستان بننے کے بعد پہلے وزیر اعظم پاکستان کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ مولوی تمیز الدین کی دستور ساز اسمبلی بھی توڑ دی گئی، سازشیوں نے 1954 کی اسمبلی بحال نہ ہونے دی، ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکا، جب ایک سال گزرا تو نیا آئین بنا دیا گیا، پاکستان بنانے والوں کو جیل میں بند کر دیا گیا، سیاسی استحکام پیدا نہیں ہونے دیا گیا، پرویز مشرف نے 2 بار آئین توڑا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو گرفتار کرنے کی کسی کی جرأت نہ تھی، سپیشل کورٹ بنی اور مشرف کو طلب کیا گیا، جو طاقتیں نہیں چاہتی تھیں انہوں نے پیش نہیں ہونے دیا، کورٹ نے مشرف کی غیر موجودگی میں فیصلہ دیا کہ ان کو پھانسی دی جائے، کیا یہ اس ملک میں سیاسی استحکام کی نشانیاں ہیں۔