اسلام آباد: (دنیا نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخوں کو برقرار رکھنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
گوہر اعجاز کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ ختم کرنے سے معاشی تباہی پھیلے گی، برآمدات میں کمی سے ملکی قرضوں کی ادائیگی میں دشورای ہو سکتی ہے، مسابقتی نرخوں کی وجہ سے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ یکم جولائی سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ جاری رکھے جائیں، پنجاب کی صنعتوں کو مہنگی گیس اور بجلی فراہم کی جا رہی ہے، رواں سال ٹیکسٹائل برآمدات میں 3 ارب ڈالرز کمی کا امکان ہے، ملکی ٹیکسٹائل برآمدات 19 ارب ڈالرز سے کم ہو کر 16 ارب ڈالرز تک پہنچ سکتی ہیں۔
گوہر اعجاز نے خط میں لکھا کہ 2023 میں پاکستان 26 ارب ڈالرز کی ٹیکسٹائل برآمدات کی طرف بڑھ رہا ہے، بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ واپس لینے سے ٹیکسٹائل برآمدات کم ہوئیں، ہنگامی اقدامات نہ کرنے سے ٹیکسٹائل برآمدات 4 سے 5 ارب ڈالرز کم ہو سکتی ہیں۔