لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ سمیت 180 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل تک موخر کر دیا۔
خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے 158 مرد اور 22 خواتین کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، سپیشل پراسیکیوٹر فریاد علی شاہ نے ضمانتیں خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان شناخت پریڈ میں شناخت ہوئے، وہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں، جس کی فوٹیج موجود ہے، ملزمان کا فون کال ریکارڈ موجود ہے۔
ملزمان کے وکلاء نے دلائل میں کہا کہ جیو فینسنگ میں راستے سے گزرنے والوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن ملزمان کیخلاف شواہد نہیں، انہیں ضمانت دی جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان کی تعداد زیادہ ہے اور تمام فائلز کا جائزہ لینا ہے، کل تمام ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا جائے گا۔
22 خواتین سمیت 180 ملزمان جناح ہاؤس حملہ کے مقدمہ نمبر 96/23 تھانہ سرور روڑ میں نامزد ہیں، ملزمان میں مریم مزاری، فرحت فاروق، ثانیہ ساجد، عالیہ کشور، ساجدہ بی بی، فائزہ عظمت، خالدہ حمید، صنم جاوید، ممتاز بی بی، عائشہ مسعود، ماہا مسعود، عالیہ حمزہ ملک، طیبہ امبرین، ہما سعید، خدیجہ شاہ، خدیجہ ندیم، شمائلہ ستار، ماریہ خان، فرح نثار، صبوحی انعام، ارم اکمل اور خلعت عزیز شامل ہیں۔