اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف سکیموں کیلئے اربوں روپے کی گرانٹس منظور کی گئیں۔
اجلاس میں سندھ کی شوگر ملز کو 32 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، چینی 12 جون سے اگلے 60 دن کے اندر ایکسپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔
اجلاس میں وزارت ریلوے کیلئے 2.5 ارب روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی، رقم عملے کی تنخواہوں اور پینشن پر خرچ کی جائے گی، خزانہ ڈویژن کیلئے 250 ارب روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی جو موجودہ مالی سال کیلئے صوبوں کے اضافی اخراجات کی ضروریات کیلئے ہے۔
مزید برآں وزارت ہاؤسنگ کیلئے 3 ارب 80 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی، مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے 1 ارب 20 کروڑ جبکہ ریکوڈک منصوبے کیلئے 1 ارب 23 کروڑ روپے کی گرانٹ وزارت توانائی کیلئے منظور کی گئی۔