پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ صنعتوں کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا، اس کے لیے ہمیں چین کے وژن سے استفادہ کرنا چاہئے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ معیاری اشیا کی پیداوار سے عالمی مارکیٹ میں مقام پیدا کیا جا سکتا ہے، برآمدات کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، ملکی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، سی پیک خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
غلام علی کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی پر سب پاکستانیوں کو فخر ہے، چین پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیتا ہے، پاکستان کے 75 سالہ دور اور چین کی آزادی کے بعد کے دور پر نظر ڈالی جائے، چائنہ میں ایسی حکومت ہے جو پاکستانی سیاست جیسی نہیں ہے، شائد اس لئے چین پاکستان سے آگے نکل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدہ کے اثرات دوسرے روز ہی ختم، ڈالر کی پرواز شروع
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے چاروں صوبوں کو ملکی معیشت پر ایک ہونا چاہئے، تمام صعنتکاروں کو سوچنا چاہئے کہ وہ سی پیک سے کیسے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں، سی پیک سے سرمایہ کاری سمیت صنعتکاری کیلئے نئی ٹیکنالوجی اپنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کا روٹ جس علاقے سے گزرے گا اس علاقے کے لوگ اس کے محافظ ہوں گے، سی پیک پاکستان اور وسطی ایشیا کی معاشی شہ رگ ثابت ہو گا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستانی قوم کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کر سکتا، تمام ادارے ملک کی ترقی کیلئے کام کریں، پاکستان تمام مشکلات سے نکل جائے گا۔