اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں کمی کے پلان پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل رابطہ ہوا جس میں گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے نئے پلان پر بات چیت کی گئی، آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ سے پلان پر مزید وضاحت مانگ لی، اگلی قسط جاری کرنے کیلئے آئی ایم ایف آئندہ ماہ پاکستان کا اقتصادی جائزہ لے گا۔
حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے ڈیویڈنڈ سکیم متعارف کرائی گئی ہے، ڈیویڈنڈ پلگ ان بیک سکیم سے گردشی قرضے میں 4 سو ارب سے زائد کی کمی ہو گی، سکیم کے نفاذ سے گردشی قرضہ کم ہو کر 12 سو ارب رہ جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پلان پر وزارت خزانہ سے مزید وضاحت مانگ لی ہے، نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر آئی ایم ایف سے خود بات کریں گی، وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے مابین اقتصادی جائزہ مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے۔