ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی نگران وزیر خزانہ اور وزیر توانائی سے ملاقات

Published On 30 August,2023 08:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نگران وفاقی وزیر خزانہ اور نگران وفاقی وزیر توانائی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ایم کیو ایم کے وفد نے پاکستان باالخصوص کراچی میں بجلی کے مسئلے پر نگران وفاقی وزراء سے تفصیلی گفتگو کی، ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی وزراء کو کراچی میں بجلی اور بلوں کے مسئلے پر کثیرالمیعادی اور قلیل المیعادی حل تجویز کئے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کےالیکٹرک اور حیسکو بجلی کی تقسیم کا نظام بہتر کرے اور بھاری بلوں کی تقسیم کا سلسلہ فی الفور روکے، پورے پاکستان میں بجلی کی چوری اور 23 ارب کے گردشی خسارے میں کراچی کے شہری اور کےالیکٹرک کے صارفین شامل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں بجلی کے گردشی خسارے کی رقم بھی کراچی والوں سے فی یونٹ 3 روپے 81 پیسے اضافی وصول کئے جا رہے ہیں، یہ کیسا انصاف ہے کہ جو بجلی چوری کرے وہ تو خسارہ بھرے اور جو بجلی چوری نہ کرے وہ بھی ہر ماہ کے بل میں خسارہ بھرے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے شہریوں سے 3 روپے 81 پیسے فی یونٹ کی جبری وصولی فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے، ایم کیو ایم سابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیر توانائی خرم دستگیر کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے حل کے قریب پہنچ چکی تھی۔