جولائی کے مقابلے اگست میں ترسیلات زر میں اضافہ

Published On 12 September,2023 04:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) جولائی کے مقابلے اگست کے مہینے میں ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ ماہ ترسیلات زر میں 3 اعشاریہ 1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ایک سال سے ترسیلات زر میں ہر ماہ کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی جبکہ اگست میں کچھ بہتری دیکھی جا رہی ہے، جولائی کے مقابلے اگست کے مہینے میں ترسیلات زر 3.1 فیصد اضافے سے 2 ارب 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں، جولائی 2023ء میں ترسیلات زر تقریباً 2 ارب 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھیں، رواں مالی سال جولائی تا اگست ترسیلات زر 21 اعشاریہ 50 فیصد کمی سے 4 ارب 12 کروڑ ڈالر رہیں۔

ماہانہ بنیادوں پر پاکستان میں ریکارڈ ترسیلات زر اپریل 2022 میں 3 ارب 10 کروڑٰ ڈالر آئی تھیں اسی مالی سال یعنی مالی سال 2022 میں ریکارڈ 31 ارب ڈالر ترسیلات زر پاکستان کو موصول ہوئی تھیں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ہنڈی حوالہ کے کاروبار پر حالیہ کریک ڈاؤن سے اگلے ماہ ترسیلات زر بڑھنے کی توقع ہے۔