اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ توانائی کی جانب سے اکنامک میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہنگے پلانٹس سے بجلی کی پیداوار جاری ہے۔
این ٹی ڈی سی اور این پی سی سی کی ناکامی سے قومی خزانے کو ایک ماہ میں 15 ارب 54 لاکھ روپے تک کا نقصان ہوا، نیپرا نے این ٹی ڈی سی، این پی سی سی سے نقصانات پر جواب طلب کرتے ہوئے 15 ارب روپے کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کی درخواست عبوری طور پر مسترد کر دی۔
دستاویز کے مطابق سرفراز نگر، گھٹی، ملتان، مظفر گڑھ اور دیگر سٹیشن کو اوورلوڈنگ سے بچانے کیلئے 74 کروڑ 40 لاکھ، بجلی کے ترسیلی نظام میں رکاوٹوں کی وجہ سے 61 کروڑ 70 لاکھ جبکہ گدو، شکار پور میں ٹاور گرنے کی وجہ سے 13 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
نیپرا اتھارٹی نے سی پی پی اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماتحت اداروں کو ہونے والے نقصانات کا بوجھ این ٹی ڈی سی کو منتقل کیا جائے۔