بجلی بل: سرکاری ادارے آئیسکو کے اربوں روپے کے نادہندہ نکلے

Published On 13 September,2023 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئیسکو نے بجلی کے بلوں کے ڈیفالٹر کی فہرست جا ری کر دی، عام صارفین کے بعد سرکاری ادارے بھی بلوں کے اربوں روپے کے نادہندہ نکلے۔

فہرست کے مطابق سرکاری اور صوبائی ادارے آئیسکو کے 71 ارب 51 کروڑ روپے کے نادہندہ نکلے، صوبائی سرکاری ادارے 53 کروڑ 80 لاکھ روپے کے نادہندہ، اسلام آباد میں سرکاری ادارے اور آزاد کشمیر حکومت 7 ارب 94 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔

اٹک سرکل میں سرکاری ادارے 80 کروڑ، راولپنڈی کے سرکاری ادارے 1 ارب 37 کروڑ، جہلم سرکل میں 27 ارب 21 کروڑ کے نادہندہ ہیں، جہلم سرکل میں آزاد کشمیر کے ذمے 26 ارب 90 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے آئی ایم ایف نے سخت شرائط کا تحریری معاہدہ مانگ لیا

چکوال سرکل میں سرکارے ادارے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے، راولپنڈی کینٹ کے سرکاری ادارے 35 ارب 22 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں، راولپنڈی کینٹ میں آزاد کشمیر کے ذمے 31 ارب 88 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

آزاد کشمیر حکومت نے بجلی کے بلوں کی مد میں آئیسکو کے 60 ارب 70 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، ڈیفنس کے اداروں نے آئیسکو کے 3 ارب 14 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔

فہرست کے مطابق سی ڈی اے آئیسکو کا نادہندہ ہے، وفاقی ادارے آئیسکو کے 70 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔