اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں کھڑے 2 ائیربس 320 میں سے ایک طیارہ واپس وطن پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے لیزنگ کمپنی کو 26 ملین ڈالر ادا کر کے طیارے حاصل کیے، دوسرا طیارہ چند روز میں پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو جائے گا، دونوں طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے میں ائیربس ساختہ طیاروں کی کل تعداد 16 ہو جائے گی۔
اس سے قبل ملائیشیا کے ایئر پورٹ پر بھی پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ لیز تنازع کی وجہ سے روکا گیا تھا، ملائیشین عدالت نے روکے جانے کا اقدام معطل کر کے قومی ایئر لائن کے طیارے کو وطن واپسی کی اجازت دی تھی، بوئنگ 777 روکے جانے سے لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔
26 مئی 2023ء کو ملائیشیا کی مقامی عدالت نے بغیر پی آئی اے کو طلب یا نوٹس کیے طیارہ روکنے کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد طیارہ روکنے کے احکامات 29 مئی کو طیارے کی روانگی سے چند منٹ قبل پی آئی اے اور ایئر پورٹ حکام کو وصول کروائے تھے۔