کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز کے انجن میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 743 نے صبح 5 بج کر 4 منٹ پر کراچی سے مدینہ کیلئے اڑان بھری، روانگی کے فوری بعد طیارہ ابھی اپروچ پکڑ رہا تھا کہ پائلٹ نے بوئنگ 777 طیارے کے انجن سے چنگاری نکلتے دیکھی۔
چنگاری نکلنے کے بعد کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ بھی آئی جس کے بعد پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر بوتل کے ذریعے طیارے کے انجن میں آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جس سے طیارے کا ایک انجن بند ہو گیا۔
حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے فوری رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔