اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) صارفین کے غلط بلوں کے معاملہ پر نیپرا اتھارٹی متحرک ہو گئی، اتھارٹی کے مطابق بلنگ کا طریقہ کار درست نہیں، ٹیکنالوجی کا سہارا لینا ضروری ہے۔
بجلی صارفین کو بھیجے گئے غلط بلوں پر نیپرا اتھارٹی نے کہا ہے کہ صارفین کو بھیجے گئے غلط بلوں کی واپسی کو یقینی بنائیں گے، اتھارٹی غلط بھیجے گئے بلوں کے معاملے کو غور سے دیکھے گی، خراب میٹر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ خراب میٹر کی تبدیلی ممکن ہے، ایک دن کے اندر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ڈسکوز میں سپلائی چین کا مسئلہ ہے اور میٹرز کی کمی بھی ہے، ہم نے دو تقسیم کار کمپنیوں کو خط لکھے ہیں، مزید بھی لکھ رہے ہیں، ہم قانونی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں، تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ایک عوامی سماعت رکھیں گے، اس کے بعد فیصلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی مزید مہنگی، فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 7 پیسے اضافہ
تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے سوال پر ممبر سندھ رفیق شیخ بولے کہ رپورٹ میں ڈسکوز کے بہت سے مسائل سامنے آئے ہیں، اتھارٹی نے ریڈنگ کے دوران بل پر میٹر کی تصویر کی شرط لگائی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی تجویز دی اب بھی دے چکے ہیں کہ ڈسکوز کی نجکاری کی جائے، ڈسکوز کی بلنگ کا طریقہ کار درست نہیں، اووربلنگ سے بچنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جائے، ان سارے مسائل کا حل ڈسکوز کی نجکاری ہے۔
تقسیم کار کمپنیوں میں ملازمین کی کمی کے سوال پر چئیرمین نیپرا نے کہا کہ ڈسکوز میں ایچ آر کی کمی کو حکومت پورا کرے گی، ہم اس کے مجاز نہیں۔