اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.81 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ، مہنگائی کی مجموعی شرح 42.86 فیصد ریکارڈ پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 9 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، چکن، انڈے ،پیاز، چینی اور دالوں سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں جن میں ٹماٹرکی قیمتوں میں16.04 فیصد، چکن کی قیمتوں میں13.98 فیصد،انڈا 3.20 فیصد، دال مونگ 1.68 فیصد،دال چنا 2.12 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں2.04فیصد، ایل پی جی 1.19فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0.51 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے برعکس آلو کی قیمت میں8.68 فیصد،چائے 1.29فیصد، کوکنگ آئل اورویجیٹیبل گھی0.54 فیصد،واشنگ سوپ 0.47فیصد،دال ماش 0.36 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں0.23 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔