اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ترقی کیلئے آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ لوگوں تک صحیح اورمعیاری معلومات پہنچانے کی ضرورت ہے، بی آر آئی کے پہلے مرحلے کے مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، چین ایک تسلیم شدہ معاشی طاقت ہے، چین نے معاشی بہتری کیلئے اپنی برآمدات میں اضافہ کیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو فعال اقتصادی ملک اور مینو فیکچرنگ شعبے میں خود کفیل کرنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنی پالیسی کومعقول بنانے اور مارکیٹ سطح پر لانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سبز اور پائیدار ترقی پر توجہ دی جارہی ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ سستی توانائی کے حصول کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں، چین کے ساتھ شراکت داری پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صنعتی میدان میں ترقی سے معاشی استحکام آئے گا، چین ترقی کرتا ہے تو ساری دنیا ترقی کرتی ہے۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، امید ہے آئندہ حکومت معاشی استحکام کو ترجیح دے گی۔