لاہور:( دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقسط سلیم ایڈووکیٹ کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 15 نومبر کو نگران وزیر اعظم کی 90 روز کی آئینی مدت مکمل ہو چکی ہے، 90 روز کے بعد نگران وزیراعظم کا عہدے پر برقرار رہنا غیر قانونی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کرے، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات تک ایک قانونی سیٹ اپ قائم کرے۔
سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے، 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کر دی ہے، درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے،خارج کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔