آئی ایم ایف شرائط: گیس کی قیمتوں، گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ

Published On 14 February,2024 10:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس کی قیمتوں اور گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کی منظوری دیدی۔

نگران وزیرخزانہ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گیس قیمتوں اضافے اور مقامی سطح پر تیارشدہ کاروں پر سیلز ٹیکس بڑھانے سمیت آئی بی کیلئے 125 ملین روپے اضافی فنڈ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین، کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ متوقع ہے جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نے تیل، گیس، بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے روکنے کا حل بتا دیا

بلک میں گیس استعمال کرنے والوں کیلئے قیمتوں میں 900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سی این جی سیکٹر کیلئے قیمتوں میں 170 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا جائے گا، کھاد کارخانوں کیلئے بھی گیس کا ریٹ معمولی بڑھایا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا، قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی منظوری

ای سی سی اجلاس میں مقامی سطح پر تیارشدہ کاروں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی بھی منظوری دے دی گئی جس کے باعث 40 لاکھ مالیت یا 1400 سی سی کی گاڑیوں پر اب 25 فیصد تک سیلز ٹیکس عائد ہوگا، ایف بی آر کو رواں مالی سال کے دوران اس مد میں 4 ارب روپے کا اضافی ریونیو ملے گا۔

40 لاکھ مالیت یا 1400 سی سی گاڑیوں پر عائد سیلز ٹیکس کو آئندہ بجٹ میں بھی عائد کیا جائے گا، 1400 سی سی گاڑی پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ 

کھاد کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

وزارت خزانہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کھاد کی قیمتوں میں حالہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے مسابقتی کمیشن کو کھاد قیمتیں بڑھانے میں ملوث افراد کیخلاف تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

Advertisement