اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے آئی ایم ایف کے 26 میں سے 25 اہداف پر عملدرآمد مکمل کر لیا۔
وزارت خزانہ نے اہداف پر عملدرآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کر دی۔
ذرائع وزارت خزانہ اہداف کے مطابق ایس او ایز کے لاء میں ترمیم اور ترمیمی قانون پر عملدرآمد کی شرط مکمل نہیں ہوئی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے لاء میں ترمیم بھی نہ ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی بنک سے حکومت کیلئے قرض حاصل نہ کرنے، بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرنے کی شرط پوری کر دی گئی جبکہ ٹیکس محصولات اور ریفنڈ ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایا جات کو بروقت کلیئر کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق ٹیکس استثنیٰ اور ٹیکس ایمنسٹی نہ دینے کی شرط پر بھی مکمل عملدرآمد کیا گیا، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان کرنسی ایکسچینج میں 1.25 فیصد کے ریٹ پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ بجلی نرخوں کی ریبیسنگ اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شرط پر بروقت عملدرآمد کیا گیا۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ اہداف پر عملدرآمد بارے رپورٹ کا جائزہ آئی ایم ایف مشن آمد سے قبل مکمل کرے گا۔