اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ایف بی آر پہنچنے پر چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے وزیر خزانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں ایف بی آر کی ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی، وزیرخزانہ کو ریونیو میں اضافہ کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر خزانہ کو بتایا گیا رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے لئے ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے بتایا کہ ایف بی آر پورے سال کے ریونیو ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں، وزیر خزانہ نے ایف بی آر ٹیم کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔