لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روک دیا۔
عدالت عالیہ کے جج جسٹس عاصم حفیظ نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق آئینی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے حسن مجید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے درخواست گزار کو 39 لاکھ پراپرٹی ٹیکس کا نوٹس دیا ہے، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار ہی نہیں رہا، سندھ ہائیکورٹ بھی کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار کالعدم کر چکی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ آئینی پابندی اور عدالتی فیصلوں کے باوجود لاہور کنٹونمنٹ بورڈ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز جاری کر رہا ہے، عدالت لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس طلبی کا نوٹس اور اختیار کالعدم قرار دے۔
بعدازاں عدالت نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روکتے ہوئے درخواست پر حکم امتناع جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے چیف ایگزیکٹو کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر فریقین کو 2 ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔